spot_img
HomeਆਰਟੀਕਲUrduخلاصہ خطبہ جمعہ سیّدنا امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمدخلیفۃ المسیح الخامس...

خلاصہ خطبہ جمعہ سیّدنا امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمدخلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزفرمودہ 11؍مارچ 2022ءبمقام مسجد مبارک،اسلام آباد،ٹلفورڈ(یوکے)

تشہد، تعوذ اور سورةالفاتحہ کی تلاوت کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

حضرت ابوبکرؓ  کو خلافت کے بعد جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اُن کا ذکر ہورہا تھا۔ ان میں سے پہلی مشکل جو بیان کی گئی تھی وہ آنحضرتﷺ کی وفات کا غم تھا۔ یہ پہلا نازک اور ہولناک مرحلہ تھا جب سارے صحابہ مارے غم کے دیوانے ہورہے تھے۔ حضرت عمرؓ تو تلوار لےکر کھڑے ہوگئے تھے کہ اگر کسی نےکہا کہ محمدﷺ وفات پاگئے ہیں تو مَیں اس کا سر تن سے جدا کردوں گا۔ اس وقت حضرت ابوبکرؓ نے فرمایا کہ جو شخص محمد رسول اللہﷺ کی عبادت کرتا تھا وہ سن لے کہ محمدؐ فوت ہوچکے ہیں اور جو کوئی اللہ تعالیٰ سے محبت کرتا ہے وہ خوش ہوجائے کہ اللہ تعالیٰ زندہ ہے اور کبھی فوت نہیں ہوگا۔ باوجود اُس بےانتہا محبت کے جو آپؓ کو حضورﷺسے تھی آپؓ نے توحید ہی کا درس دیا۔ کمال ہمت اور حکمت سے صحابہ کی ڈھارس بندھائی۔ حضرت اقدس مسیح موعودؑ فرماتے ہیں کہ وہ خیالات جو آنحضرتﷺ کی زندگی کےبارے میں بعض صحابہ کےدل میں پیدا ہوگئے تھے (حضرت ابوبکرؓ نے) ایک عام جلسے میں قرآن شریف کی آیت کا حوالہ دے کر ان تمام خیالات کو دُور کردیا۔

دوسرا بڑا کام جو آپؓ نے انجام دیا وہ انتخابِ خلافت کے وقت امتِ مسلمہ کو اتفاق و اتحاد کی لڑی میں پِرونا ہے۔ نبی اکرمﷺ کی وفات سےجو دوسرا بڑا خدشہ پیدا ہوا وہ سقیفہ بنو ساعدہ میں انصار کا اجتماع تھا۔ انصارکسی طور سے بھی مہاجرین میں سے خلیفہ تسلیم کرنے کو تیار نہ تھے۔ اس نازک موقعے پر اللہ تعالیٰ نے حضرت ابوبکرؓ کی زبان میں وہ تاثیر پیداکی کہ انتشار و اختلاف محبت و اتحاد میں بدل گیا۔

تیسرا بڑا معاملہ جسے آپؓ نے فوری سنبھالا وہ اسامہؓ کے لشکر کی روانگی کا معاملہ تھا۔ یہ لشکر شام کی سرحد پر رومیوں سے لڑائی کےلیے رسول اللہﷺ نے تیار کیا تھا۔اس لشکر کی قیادت حضرت اسامہؓ کے سپرد فرماتے ہوئے حضورﷺ نے حضرت اسامہ کو تفصیلی ہدایات بھی دی تھیں۔ اسی طرح آپؐ نے اپنے دستِ مبارک سے ایک جھنڈا بھی باندھا تھا۔ اس لشکر میں حضرت ابوبکرؓ وعمرؓ سمیت اکابر صحابہ شامل تھے۔ جب کچھ لوگوں نے اس طور سے باتیں کیں کہ یہ لڑکا اکابر مہاجرین صحابہ پر امیر بنایا جا رہا ہے تو رسول اللہ ﷺ سخت ناراض ہوئے۔ حضرت اسامہ ؓ لشکر لےکر روانہ ہوئے تو حضورﷺ اپنی آخری بیماری میں مبتلا تھے۔ حضورِاکرمﷺ کی وفات پر یہ لشکر جُرف یا ذی خشب مقام سے واپس مدینہ آگیا۔ جب حضرت ابوبکرؓ کی بیعت کرلی گئی تو آپؓ نے حکم دیا کہ اسامہ کی مہم پایہ تکمیل کو پہنچے گی۔ اسامہ کے لشکر میں سے کوئی شخص مدینےمیں باقی نہ رہے۔ اس لشکر کی تعداد تین ہزاربیان کی جاتی ہے اور ایک دوسری روایت میں سات سَوکی تعدادکا بھی ذکر ملتاہے۔ حضورﷺ کی وفات پر جہاں عرب قبائل میں فتنۂ ارتداد پھیل رہا تھاوہیں یہودونصاریٰ بھی اپنی گردنیں اٹھا اٹھا کر دیکھ رہے تھے۔ان حالات میں حضرت ابوبکرؓ کواس لشکر کی روانگی روک لینے کا مشورہ دیا گیا۔ حضرت ابوبکرؓ نے خدا کی قسم کھا کر فرمایا کہ اگر مجھے یقین ہو کہ درندے مجھے نوچ کھائیں گے تو بھی مَیں اسامہ کے لشکر کے متعلق رسول اللہﷺ کے جاری فیصلے کو نافذ کرکے رہوں گا۔

حضرت مصلح موعودؓ لشکرِ اسامہ کی روانگی کے پس منظر میں فرماتے ہیں کہ حضرت ابوبکرؓ نے فرمایا کہ تم یہ چاہتے ہو کہ رسول کریم ﷺ کی وفات کے بعد ابوقحافہ کا بیٹا سب سے پہلا کام یہ کرے کہ جس لشکر کورسول کریمﷺ نے روانہ کرنے کا حکم دیا تھا اسے روک لے؟ خدا کی قسم! اگر دشمن کی فوجیں مدینہ میں گھس آئیں اور کتے مسلمان عورتوں کی لاشیں گھسیٹتے پِھریں تب بھی مَیں اس لشکر کو نہیں روکوں گا…یہ جرأت اور دلیری حضرت ابوبکرؓ میں اسی وجہ سے پیدا ہوئی کہ خدا نے فرمایا ہے کہ مُحَمَّدٌ رَّسُوۡلُ اللّٰہِ ؕ وَالَّذِیۡنَ مَعَہٗۤ اَشِدَّآءُ عَلَی الۡکُفَّارِ۔ جس طرح بجلی کے ساتھ معمولی تار بھی مل جائے تو اس میں عظیم الشان طاقت پیدا ہوجاتی ہے اسی طرح محمد رسول اللہﷺ کے تعلق کے نتیجے میں آپؐ کے ماننے والے بھی اَشِدَّآءُ عَلَی الۡکُفَّارِ کے مصداق بن گئے۔

حضرت اقدس مسیح موعودؑ جیش اسامہ کی روانگی کی بابت ’سِرّ الخلافة‘ میں فرماتے ہیں کہ جب رسول اللہﷺ کا وصال ہوا اور یہ خبر مکّہ اور وہاں کے گورنر عتاب بن اسید کو پہنچی تو عتاب چھپ گیا اور مکّہ لرز اٹھا۔ قریب تھا کہ اس کے باشندے مرتد ہوجاتے۔

ایسے حالات میں لوگوں نے حضرت عمرؓ سے درخواست کی کہ وہ حضرت ابوبکرؓ کو لشکر اسامہ کی روانگی سے روک لیں یا اگر لشکرروانہ کریں تو اسامہ سے بڑی عمر کے کسی شخص کو امیر مقرر فرمائیں۔ حضرت عمرؓ نے جب یہ بات حضرت ابوبکرؓ سے کہی تو آپؓ نے عمرؓ کی داڑھی کو پکڑا اور کہا کہ اے ابنِ خطاب! تیری ماں تجھے کھوئے رسول اللہﷺ نے اسے امیر مقرر کیا ہے اور تم مجھے کہتے ہو کہ مَیں اسے امارت سے ہٹا دوں۔

اس لشکر کی روانگی کا منظر بھی بہت حیرت انگیز تھا۔ اس وقت حضرت اسامہ سوار تھے جبکہ حضرت ابوبکرؓ پیدل چل رہے تھے۔ حضرت ابوبکرؓ نے حضرت اسامہؓ سے کہا کہ اگر آپ مناسب سمجھیں تو حضرت عمرؓ  کو میرے کاموں میں معاونت کے لیے چھوڑ دیں، حضرت اسامہؓ نے اجازت دے دی۔ اس کے بعد حضرت عمرؓ جب بھی حضرت اسامہؓ سے ملتے تو کہتے اَلسَّلَامُ عَلَیْکَ اَیُّھَاالْاَمِیْرُ۔

حضرت ابوبکرؓ نے لشکرِ اسامہ کی روانگی کے وقت خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ مَیں تمہیں دس باتوں کی نصیحت کرتا ہوں: تم خیانت نہ کرنا، مالِ غنیمت سے چوری نہ کرنا، بدعہدی نہ کرنا، مثلہ نہ کرنا، کسی چھوٹے بچے، بوڑھے اور عورت کو قتل نہ کرنا، کسی پھل داردرخت کو نہ کاٹنا، کسی بکری، گائے اور اونٹ کو کھانے کے سوا ذبح نہ کرنا، گرجوں کے لیے وقف راہبوں کو چھوڑ دینا، اگر کوئی تمہیں کچھ کھانے کے لیے پیش کرے تو بسم اللّٰہ پڑھ کر کھا لینا۔ ایسے لوگ جو درمیان سے اپنے بال صاف کیے ہوں اور چاروں طرف پٹیوں کے رنگ میں بال ہوں انہیں مت چھوڑنا۔ یہ لوگ مسلمانوں کے خلاف جنگ پر اکسانے والےاور جنگ میں شریک ہونے والے لوگ تھے۔

حضرت ابوبکرؓ نے حضرت اسامہؓ سےفرمایا کہ رسول اللہﷺ نے جو تمہیں کرنے کا حکم دیا تھا وہ سب ضرور کرنا۔ یہ لشکر ربیع الاول کے آخر میں روانہ ہوا اور بیس راتوں کےسفرکےبعد اہلِ اُ بْنیٰ پر اچانک حملہ کرکے ان سے گذشتہ مظالم کا بدلہ لینے میں کامیاب رہا۔ بہت سا مالِ غنیمت حاصل کرکے جب حضرت اسامہؓ واپس مدینے پہنچےتو حضرت ابوبکرؓ مہاجرین اور اہلِ مدینہ کے ساتھ ان سے ملنے کے لیے باہر نکلے۔

لشکرِ اسامہ کی روانگی کے بہت سے دُور رس اثرات ظاہر ہوئے۔ تمام لوگوں نے جان لیا کہ خلیفہ کا فیصلہ کتنا بروقت اور مفید تھااور وہ جان گئے کہ حضرت ابوبکرؓ بہت ہی عمیق نظر اور فہم و فراست کے حامل تھے۔ قبائلِ عرب پر مسلمانوں کی دھاک بیٹھ گئی۔ عرب کی سرحدوں پر نظریں لگائے غیرملکیوں پر مسلمانوں کا رعب طاری ہوگیا۔

مشہور برطانوی مستشرق سرتھامس واکر آرنلڈ لکھتا ہے کہ یہ ان شان دار مہمات میں سے پہلی مہم تھی جس کے ذریعےمسلمان شام، ایران اور شمالی افریقہ پر قابض ہوئے اور قدیم فارسی سلطنت کو ختم کیا اور رومی سلطنت کے پنجے سے اس کے بہترین صوبوں کو آزاد کرا لیا۔

ایک چیلنج جو حضرت ابوبکرؓ  کو پیش آیا وہ مانعین اور منکرینِ زکوٰة کا فتنہ تھا۔ ارتداد کی مختلف شکلوں میں ایک شکل یہ تھی کہ لوگ اسلام پر تو قائم رہے لیکن زکوٰة کی فرضیت اور اسےخلیفہ کو دینے کے وجوب سے انکار کیا۔ کبار صحابہ سے مشورے کے بعد حضرت ابوبکرؓ نے فرمایا کہ واللہ! اگر منکرینِ زکوٰة ایک رسّی دینے سے بھی انکار کریں گے جسے وہ حضورﷺ کے زمانے میں ادا کیا کرتے تھےتو بھی مَیں ان سے جنگ کروں گا۔

منکرینِ زکوٰة کے رویّے، ان کے ساتھ جنگ اور اس کے نتائج کا ذکرآئندہ بیان کرنے کا ارشاد فرمانے کے بعد حضورِانورایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا:آج پھر مَیں دنیا کے موجودہ حالات کے متعلق دعا کا کہنا چاہتا ہوں۔ خدا دونوں طرف کی حکومتوں کو عقل دے اور یہ لوگ انسانیت کا خون کرنے سے باز آجائیں۔ مسلمانوں کو بھی اس جنگ سے سبق سیکھنا چاہیے کہ کس طرح یہ لوگ ایک ہوگئے ہیں۔لیکن مسلمان باوجود ایک کلمہ پڑھنے کے کبھی ایک نہیں ہوتے۔ ایک ملک تباہ کیا عراق تباہ کروایا سیریا تباہ کروایا یمن کی تباہی ہو رہی ہے اور غیروں سے کرواتے ہیں اور خود بھی کر رہے ہیں بجائے اس کے کہ ایک ہوں۔ کم از کم مسلمان یہ اکائی کا ہی سبق ان سے سیکھ لیں۔ اللہ تعالیٰ مسلم قوم پر بھی رحم کرے مسلمانوں پر بھی رحم کرے امت مسلمہ پر رحم کرے اور یہ اسی صورت میں ہو سکتا ہے جب یہ لوگ زمانے کے امام کو ماننے والے بھی ہوں اور جو اسی مقصد کے لئے اللہ تعالیٰ نے اس زمانے میں بھیجا ہے۔ اللہ تعالیٰ عقل اور سمجھ دے اور ساتھ ہی جہاں یہ اپنی حالتیں درست کرنے والے ہوں وہاں دنیا کے لئے دعا بھی کریں اور اپنے وسائل اور ذرائع استعمال کر کے دنیا کو جنگوں سے روکنے والے بھی ہوں نہ کہ خود جنگوں میں شامل ہونے والے۔

خطبے کے آخر میں حضورِانورنےمحترمہ سیّدہ قیصرہ ظفر ہاشمی صاحبہ اہلیہ ظفر اقبال ہاشمی صاحب لاہور کاذکرِ خیر اور نمازِ جنازہ غائب پڑھانے کا اعلان فرمایا۔مرحومہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت سید محمد علی بخاری صاحب کی پوتی تھیں۔ مرحومہ جماعتی خدمات بجالانے والی، صوم و صلوٰة کی پابند، دعاگو، مہمان نواز، بڑی صابرہ شاکرہ خاتون تھیں۔ پسماندگان میں خاوند کے علاوہ پانچ بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ مرحومہ کے ایک بیٹے محمود اقبال ہاشمی صاحب کیمپ جیل لاہور میں اسیرِ راہِ مولیٰ ہیں۔ ان کو جیل سے نکلنے کی اجازت تو نہیں ملی لیکن بہرحال یہ نرمی کا سلوک کیا انتظامیہ نے کہ والدہ کی میت کو جیل لے جا کر انہیں والدہ کا آخری دیدار کروا دیا۔ اللہ تعالیٰ ان کی بھی رہائی کے بھی جلد سامان فرمائے۔آمین۔حضورِانور نےمرحومہ کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کی

munira salam
munira salam
Editor-in-chief at Salam News Punjab
RELATED ARTICLES
- Advertisment -spot_img

Most Popular

Recent Comments